Follw Us on:

آسٹریلیا میں بارشوں کے بعد سیلاب: پانچ افراد ہلاک، ہزاروں مکانات متاثر

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Flood in austrelia
آسٹریلیا میں بارشوں کے بعد سیلاب

آسٹریلیا کے جنوب مشرقی علاقوں میں گزشتہ ہفتے ہونے والی طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی شدید سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی۔ اس سیلابی صورتحال میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 10,000 سے زائد مکانات متاثر ہوئے۔

 ہفتہ کے روز وزیر اعظم انتھونی البانیسی نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں صفائی اور بحالی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

نیوز ساؤتھ ویلز کے مڈ-نارتھ کوسٹ میں سیلاب نے کئی قصبوں کو کاٹ کر رکھ دیا، مویشی بہہ گئے اور متعدد رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی سروسز نے اندازہ لگایا ہے کہ کم از کم 10,000 جائیدادیں متاثر ہوئی ہیں۔

حکام کے مطابق اگرچہ جمعہ کے بعد سے موسم کی صورتحال میں بہتری آئی ہے مگر اب بھی سیکڑوں افراد مختلف انخلا مراکز میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

ریاستی ایمرجنسی کمشنر مائیک واسنگ نے بتایا کہ گزشتہ رات کے دوران 52 ریسکیو آپریشنز انجام دیے گئے۔

تازہ ترین اطلاع کے مطابق ایک 80 سالہ شخص کی لاش تری کے قریب ایک سیلاب زدہ علاقے سے برآمد ہوئی ہے جو ریاست کے بدترین متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے۔

لازمی پڑھیں: غزہ: اسرائیلی حملوں میں مزید 85 معصوم فلسطینی شہید

پولیس کے مطابق یہ مقام سڈنی سے تقریباً 300 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

وزیر اعظم البانیسی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ “ہم وفاقی، ریاستی اور مقامی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری اور دیرپا مدد فراہم کی جا سکے۔”

وہ جمعہ کے روز تری کا دورہ کرنے والے تھے مگر سیلابی صورتحال کے باعث ان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا۔

موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں دریا اپنی حدود سے باہر نکل آئے، سڑکیں اور چوراہے زیرآب آ گئے اور گاڑیاں تقریباً چھت تک پانی میں ڈوب گئیں۔ ایک مرحلے پر 50,000 سے زائد افراد سیلابی پانی کے باعث محصور ہو گئے تھے۔

ماہرین کے مطابق آسٹریلیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات واضح ہو چکے ہیں جہاں گزشتہ چند سالوں میں قحط، جنگلاتی آگ اور اب مسلسل سیلاب جیسی شدید موسمی آفات دیکھنے میں آ رہی ہیں۔

حکام کی جانب سے نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: میکسیکو میں سیاحتی مقام پر ’گرم ہوا کا غبارہ‘ گر گیا، 12 افراد زخمی

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس