وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کے ہیڈکوارٹر وانا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحد پر تعینات افسران و جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
دورے کے دوران انسپکٹر جنرل ایف سی (ساؤتھ) نے وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور دہشت گردی کے خلاف قربانی دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں، پولیس اور قبائلی عوام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے ایف سی جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعدازاں اپنے خطاب میں انہوں نے جوانوں کے جذبۂ قربانی، حب الوطنی اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا “آپ کی قربانیاں اور ثابت قدمی وطن کے تحفظ کی ضمانت ہیں، اور یہی جذبہ پاکستان کی اصل طاقت ہے۔”
انہوں نے قبائلی عوام کے دہشت گردی کے خلاف کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے جذبے کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔
محسن نقوی کا یہ دورہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کے حوصلے کو بلند کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔