انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کی پہلی فتح کے بعد شہر میں منائے گئے جشن کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر بھارت کے معروف کرکٹر وراٹ کوہلی کے خلاف پولیس کو شکایت موصول ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جیت کے بعد شائقین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر اور شہر کے دیگر مقامات پر ہزاروں افراد جمع ہوئے، جہاں ٹیم کے اعزاز میں خصوصی تقاریب اور وکٹری پریڈ منعقد کی گئی تھی۔ ہجوم کے بے قابو ہونے پر دو مختلف مقامات پر بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم گیارہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق، بھگدڑ اس وقت مچی جب چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں شائقین اکٹھے ہو گئے۔ ان میں اکثریت ان مداحوں کی تھی جو ٹیم کو قریب سے دیکھنے اور جشن میں شریک ہونے آئے تھے۔ سیکیورٹی اقدامات ناکافی ثابت ہوئے اور انتظامیہ ہجوم کو قابو میں رکھنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔
واقعے کے بعد وراٹ کوہلی نے سوشل میڈیا پر جاں بحق افراد کے لیے تعزیت کا پیغام جاری کیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے کوہلی پر شدید تنقید کی کہ وہ اس سانحے کے باوجود وکٹری پریڈ میں شریک رہے اور جشن مناتے رہے۔ عوامی دباؤ کے بعد یہ معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا۔
ریاستی حکومت نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم انتظامیہ کے 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان افراد پر غفلت، بدانتظامی اور ہجوم کو غیر محفوظ ماحول فراہم کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ویرات کوہلی کے خلاف بھی بنگلورو کے کوبن پارک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ شکایت سوشل ورکر ایچ ایم وینکٹیش کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کوہلی نے نہ صرف وکٹری پریڈ کو فروغ دیا بلکہ آئی پی ایل کے ذریعے جوئے کو بھی بڑھاوا دیا، جو بالآخر اس سانحے کا باعث بنا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، شکایت موصول ہونے کے باوجود تاحال وراٹ کوہلی کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ درخواست کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسے حالیہ واقعے کے تناظر میں دیکھا جائے گا۔
دوسری جانب، بنگلورو ہائیکورٹ نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کے 4 عہدیداروں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ عدالت نے انتظامیہ کی جانب سے ناکافی حفاظتی اقدامات پر سخت اظہار برہمی کیا ہے۔