پنجاب کے شہر لیہ کے علاقے فتح پورمیں تیز رفتار مسافر وین اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق، جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ آج صبح پیش آیا، جب مسافر وین میں سوار افراد زیارات کے لیے جا رہے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ اسپتال پہنچنے پر دو افراد کو مردہ قرار دیا گیا، جب کہ دیگر زخمیوں کو مختلف نوعیت کے چوٹوں کے ساتھ طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پاکستان میٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے عزیزوں کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق متاثرین میں بیشتر افراد اہلِ تشیع تھے، جو زیارات کے لیے جا رہے تھے۔

واقعے پر علاقہ مکینوں اور متاثرہ خاندانوں میں شدید افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے، جب کہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔