Follw Us on:

انڈیا کے شدت پسندانہ ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں، صدر پاکستان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن انڈیا کی پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انڈیا میں ابھرتا ہوا شدت پسندانہ ہندوتوا نظریہ نہ صرف انڈیا کے اندر اقلیتوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی شدید خطرات پیدا کر رہا ہے۔

ایوانِ صدر اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے مختلف قومی اور علاقائی امور پر اظہار خیال کیا۔ وفد نے صدر آصف علی زرداری کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی، جس پر انہوں نے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ انڈیا میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور عیسائیوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ نہایت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈین حکومت کے زیر سایہ پروان چڑھنے والا ہندوتوا نظریہ مذہبی انتہاپسندی کو فروغ دے رہا ہے، جس کے باعث انڈیا میں اقلیتوں کو شدید عدم تحفظ کا سامنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن انڈیا کی پالیسیوں نے جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انڈیا میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا نوٹس لیا جائے۔

ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک سے وفاداری کا عملی ثبوت دینا ہوگا اور معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، خصوصاً زراعت کے شعبے کو فعال بنا کر ہم اپنی معیشت کو خود کفالت کی طرف گامزن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے کسانوں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ کسان معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کی فلاح و بہبود سے ملک میں خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔

صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی قوتوں کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور خود کفیل ملک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بھی صدر مملکت کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے ان کے مؤقف کی تائید کی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس