Follw Us on:

ایران کا اقوام متحدہ کو خط: ’حملے روکنے کے لیے دنیا اجتماعی اقدامات کرے‘

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Dr. ali bagheri kani
ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اس جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر اقدام کرے۔ ( فوٹؤ: دی اکنامک ٹائمز)

ایران کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف علاقوں پر کیے گئے فضائی حملے کو عالمی  قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 13 جون کی صبح اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے دارالحکومت تہران سمیت دیگر شہروں میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں رہائشی علاقے بھی متاثر ہوئے۔ ایرانی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں کئی شہری اور سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے، جن میں پاسداران انقلاب کے اعلیٰ افسران اور جوہری سائنسدان بھی شامل ہیں۔

Iranian foreign minister
ایرانی حکام کے مطابق حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جن میں جوہری اور فوجی شعبے سے وابستہ سینیئر شخصیات شامل ہیں۔ ( فوٹو: دی ڈیلی سی پی ای سی)

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2(4) کی صریح خلاف ورزی ہے اور اسے اسلامی جمہوریہ ایران پر کھلی جارحیت کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ ایران نے آرٹیکل(51) کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ملک کی خودمختاری کے دفاع کے لیے مناسب وقت اور طریقے کا تعین خود کریں گی۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں سے خطے اور دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے اور اس کے تمام تر نتائج اسرائیل اور اس کے حامی ممالک پر عائد ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکا کی حمایت کے بغیر یہ کارروائیاں ممکن نہیں تھیں، اس لیے امریکا بھی ان اقدامات کے مضمرات کا ذمہ دار ہوگا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اس جارحیت کے خلاف فوری اور مؤثر اقدام کرے۔ ایران نے اسلامی ممالک، غیر جانبدار ریاستوں، اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملے کی مذمت کریں اور اسے روکنے کے لیے اجتماعی اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام کے مطابق حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جن میں جوہری اور فوجی شعبے سے وابستہ سینیئر شخصیات شامل ہیں۔ سرکاری سطح پر اب تک ہلاکتوں کی حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی، تاہم ابتدائی رپورٹس کے مطابق کئی اہم عمارتوں اور تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس