سندھ کابینہ کے جمعرات کو ہونے والے پری بجٹ اجلاس میں ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کی، جس میں کابینہ کے تمام اراکین شریک ہوئے۔
اجلاس میں ایران پر اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کو “بلاجواز اور غیر انسانی” قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ “یہ حملہ عالمی قوانین، انسانی حقوق اور امن کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن، مکالمے اور عالمی ہم آہنگی کا حامی رہا ہے۔

کابینہ اراکین نے متفقہ طور پر اسرائیلی کارروائی کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ “سندھ حکومت ایرانی عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔” انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور مؤثر اقدامات کرے۔
مزید پڑھیں: ایران پر اسرائیل کا حملہ، اسلامی ممالک کہاں کھڑے ہیں؟
بیان میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے عالمی سطح پر سنجیدہ اور مؤثر کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔ اجلاس کے دوران کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی پالیسی ہمیشہ سے پرامن بقائے باہمی پر مبنی رہی ہے، اور کسی بھی قسم کی جارحیت کی مخالفت کی جاتی ہے۔
تاحال وفاقی حکومت کی جانب سے اس حملے پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا گیا، تاہم سندھ حکومت کے اعلامیے کو بعض تجزیہ کار ملک کے اندرونی ردعمل کا ابتدائی اشارہ قرار دے رہے ہیں۔ مستقبل میں اس معاملے پر پارلیمانی سطح پر بحث متوقع ہے، جبکہ خارجہ امور کی وزارت بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔