وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر بھجوانے سے روکنے کی کوشش کی، مگراوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلاتِ زر بھجوائیں۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں پر جاری مظالم کی ہمیشہ مذمت کی،فلسطین کاز ہمارے دلوں کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے آواز اٹھائی ہے۔فلاحی تنظیمیں بڑھ چڑھ کر فلسطینی عوام کے لیے امداد بھیج رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی کی خاتون رہنما نے اسرائیل کی حمایت میں تقریر کی، پارٹی نے خاتون رہنما کے اسرائیل کی حمایت میں بیان کی مذمت تک نہیں کی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر بیٹھ کر پروپیگنڈہ کرنے والے ملک کا نقصان کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر بھجوانے سے روکنے کی کوشش کی، اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلاتِ زر بھجوائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بھرپور ریلیف دیا گیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ٹیکس میں بھی کمی کی گئی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 55 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، کے پی میں صحت اور تعلیم کے شعبے کا حال برا ہے، کے پی کے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ کے پی کے بجٹ میں کوئی بھی انقلابی منصوبہ شامل نہیں ہے۔
ان کا واضح الفاظ میں کہنا تھا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ آج تک مکمل نہیں ہوسکا، شوگر انڈسٹری کے ٹیکس میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ٹوبیکو مافیہ کو شکنجہ ڈالنے کی ضرورت ہے، ایف بی آر اقدامات کررہا ہے۔
وفاقی وزیرِاطلاعات نے کہا کہ کراچی میں بندرگاہ پر پہلی دفعہ فیس لیس اسیسمنٹ نظام رائج کیا گیا ہے، فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم کی بدولت چند گھنٹے میں کنٹینر کلیئر ہوجاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف بھرپور مؤقف اٹھایا، ایرانی مستقل مندوب نے حمایت پر سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی تعریف کی۔

ان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں ایران کےبہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے۔ دنیا خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن نے عوم کے لیے بجٹ کے حوالے سے کوئی تجاویز نہیں دیں،اپوزیشن کو ملکی معیشیت کی بہتری کے لیے ہمارے ساتھ مل کر بیٹھنا چاہیے۔حکومت نے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔