محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کشمیر، گلگت بلتستان، مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمالی بلوچستان کے کئی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
ان علاقوں میں بعض مقامات پر آندھی، گرد آلود جھکڑ، گرج چمک اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا، خاص طور پر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔
تاہم وسطی و جنوبی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شہید بینظیر آباد کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
پنجاب کے علاقوں بہاولنگر میں آٹھ ملی میٹر، اوکاڑہ میں چار ملی میٹر، ساہیوال میں تین ملی میٹر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیبرپختونخوا میں لوئر دیر میں سات ملی میٹر، سیدو شریف میں تین ملی میٹر، کاکول، مردان اور دروش میں ایک ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں تین ملی میٹر جبکہ سندھ کے شہر شہید بینظیر آباد میں بھی تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔