Follw Us on:

آئی سی سی کا چار روزہ ٹیسٹ میچز کی منظوری کا عندیہ، چھوٹے ممالک کو فائدہ متوقع

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Icc world test championship
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں صرف پانچ روزہ ٹیسٹ میچز کی اجازت ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ تر سیریز دو میچز تک محدود رہی ہیں۔ (فوٹو: ٹائیمز آف انڈیا)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ( ڈبیو ٹی سی) کے سائیکل 2027–29 میں چار روزہ ٹیسٹ میچز کو شامل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد چھوٹے ممالک کو زیادہ میچز کھیلنے اور طویل سیریز کا انعقاد ممکن بنانا ہے۔

فی الحال جاری 2025–27 کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں صرف پانچ روزہ ٹیسٹ میچز کی اجازت ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ تر سیریز دو میچز تک محدود رہی ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، اس دورانیے میں نو ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان 27 سیریز ہوں گی، جن میں سے 17 صرف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل ہوں گی، جبکہ چھ سیریز تین میچز پر مبنی ہوں گی۔ صرف انگلینڈ، آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان پانچ میچز کی تین سیریز طے ہیں۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے گزشتہ ہفتے لارڈز میں منعقدہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کے دوران ہونے والی مشاورت میں چار روزہ ٹیسٹ میچز کی حمایت کی۔ باخبر ذرائع کے مطابق، انہوں نے کہا کہ “چار روزہ ٹیسٹ میچز کو 2027–29 کے چیمپئن شپ سائیکل میں شامل کرنے کی منظوری دی جا سکتی ہے۔”

Icc willing to back four day tests in world test championship
چھوٹے ممالک میں ٹیسٹ کرکٹ کے انعقاد کے اخراجات اور طویل دورانیے کے باعث کئی بورڈز روایتی ٹیسٹ سیریز سے گریز کرتے ہیں۔ (فوٹو: جیو نیوز)

آئی سی سی کی پالیسی کے مطابق، اگر چار روزہ میچز چیمپئن شپ کا حصہ بنے تو بھی انگلینڈ، انڈیا اور آسٹریلیا کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ روایتی پانچ روزہ میچز پر مشتمل سیریز جاری رکھیں، جیسا کہ ایشیز، بارڈر-گاوسکر ٹرافی اور نو تشکیل شدہ اینڈرسن، تندولکر ٹرافی، اینڈرسن، تندولکر ٹرافی کا پہلا ٹیسٹ میچ اس جمعہ کو ہیڈنگلے میں شروع ہوگا۔

چار روزہ ٹیسٹ میچز کا تصور 2017 میں سامنے آیا تھا اور انگلینڈ نے حال ہی میں زمبابوے کے خلاف چار روزہ میچ ٹرینٹ برج میں کھیلا، جب کہ آئرلینڈ کے خلاف بھی 2019 اور 2023 میں اس طرز کے میچز ہو چکے ہیں۔

چھوٹے ممالک میں ٹیسٹ کرکٹ کے انعقاد کے اخراجات اور طویل دورانیے کے باعث کئی بورڈز روایتی ٹیسٹ سیریز سے گریز کرتے ہیں۔ چار روزہ میچز کی منظوری سے تین ٹیسٹ میچوں کی مکمل سیریز تین ہفتوں سے کم وقت میں مکمل کی جا سکتی ہے۔ ان میچز میں کھیل کے اوقات بڑھا کر روزانہ کم از کم 98 اوورز کر دیے جاتے ہیں، تاکہ کھیل کے وقت کو پورا کیا جا سکے۔ آئی سی سی کی حتمی منظوری آئندہ اجلاس میں متوقع ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس