بلوچستان ریزیڈنشل کالج لورا لائی کے 50رکنی طلبہ کے وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی۔ مریم نواز کی طرف سے طلبہ کو ڈبل ڈیکر بس پر لاہور کی سیر کروائی گئی اور بہترین ہوٹل میں دوپہر کے کھانے کا اہتمام کیا گیا، مزید براں وزیر اعلیٰ پنجاب نے طلبہ کو تحفے میں لیپ ٹاپ میں دیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد بلوچستان آکر طلبہ کو ہونہار سکالرشپ دینا چاہتی ہوں، بس چلے تو پنجاب سے زیادہ سکالر شپ اور لیپ ٹاپ بلوچستان کے طلبہ کو دوں۔ کافی عرصے سے بلوچستان کے طلبہ کے بارے میں سوچ رہی ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کی طرح میرے دل میں بھی بلوچستان کے لئے بہت محبت ہے، بلوچستان پاکستان کے لئے جانیں دینے والے شہداء کی سرزمین ہے، بلوچستان کے بچے کسی سے کم نہیں اور موافق حالات ملیں تو سب سے آگے بڑھیں گے۔ میں جتنا پنجاب کے بچوں کے بارے میں سوچتی ہوں اتنی ہی فکر بلوچستان سمیت دیگر صوبے کے بچوں کے لئے بھی ہے۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا بلوچستان میں فعال ہونا افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ دہشت گرد خود باہر رہتے ہیں، بچے بھی باہر رکھتے ہیں اور دوسروں کے بچوں کو ورغلا کر مرواتے ہیں۔ ہم پنجابی اور بلوچی بعد میں ہیں پہلے پاکستانی ہیں۔
مریم نواز نے پنجاب میں ہونہار سکالرشپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت 3 لاکھ سے کم آمدن والے 30 ہزار بچوں کو ہونہار سکالر شپ دے رہی ہے۔ 30 ہزار میں سے ایک بھی سکالر شپ سفارش پر نہیں دی گئی، سکالر شپ دیتے ہوئے کسی سے نہیں پوچھا گیا کہ تعلق کس جماعت سے ہے۔ نہ صرف لاہور میں سکالر شپس دی گئی ہیں بلکہ پنجاب کی 9 ڈویژن میں جا کر خود بچوں کو سکالر شپس دی ہیں۔
ہونہار سکالرشپ کی تقریب میں جو اپنائیت اور محبت طلبہ کی طرف سے ملی سب خواب سا لگتا ہے۔ طلبہ کی طرف سے ملنے والی محبت اور پیار کو مخالفین نے ڈرامہ قرار دیا۔ ہونہار سکالر شپ میں انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے سکینڈ ائیر اور تھرڈ ائیر کے طلبہ کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فری میڈیسن، ڈائلیسز کارڈ اور صحت کی دوسری سہولتوں سے بلوچستان کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ سرگودھا میں پہلا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بننے سے کے پی کے کے لوگ بھی مستفید ہو سکیں گے اور ائیر ایمبولینس سروس سے پنجاب ہی نہیں دوسروں صوبوں کو بھی خدمات مہیا کررہے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کو آبادی کے لحاظ سے فنڈز ملتے ہیں۔ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہمارے اتنے وسائل نہیں لیکن ریونیو بڑھا کر عوام پر خرچ کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان کے طالب علموں کے وفد کے لیے اپنا قیمتی وقت نکال کر طالب علموں کو وقت دیا اور ان کے لیے لاہور کی سیر کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے۔ دوسری جانب بلوچستان سے آئے طالب علموں نے پنجاب حکومت کی مہمان نوازی کو سراہا اور پنجاب حکومت کے پروجیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے حالات دیکھ رشک آتا ہے، کاش ہمارا صوبہ بھی ایسا ہوتا۔ پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز شریف عوام کے لئے شاندار پراجیکٹ لارہی ہیں اور وزیراعلی مریم نواز شریف کے پنجاب میں تعلیم حاصل کرنا ہماری خواہش ہے۔