اپریل 5, 2025 4:12 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

طلبہ يونينز كی بحالی کیوں ضروری ہے؟نائب امیر جماعت اسلامی کابیان

تراب رشید
تراب رشید

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ طلبہ یونینز کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ یہ نہ صرف نوجوانوں کو جمہوری تربیت فراہم کرتی ہیں بلکہ انہیں ملک کے مستقبل کے لیے تیار کرنے کا ایک مضبوط ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز اور دیگر سیاسی شخصیات یونیورسٹیز میں جا کر سیاسی گفتگو کر سکتی ہیں، تو طلبہ کو بھی یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں اور اپنے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کریں۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ 18 سال کا نوجوان جب قومی انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالنے کا اہل ہے، تو پھر اسے تعلیمی اداروں میں اپنی قیادت منتخب کرنے سے محروم رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منظم سازش ہے کہ نوجوان نسل کو ان کے جمہوری حقوق سے محروم رکھا جائے، انہیں چھوٹے مسائل میں الجھا دیا جائے، اور ان کے درمیان تقسیم پیدا کی جائے۔
 

 
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طلبہ یونینز کو سیاسی جماعتوں کے اثر سے آزاد رکھنے کے لیے مؤثر قوانین اور ضوابط وضع کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں طلبہ یونینز کے خلاف جو پروپیگنڈا کیا گیا اور ان پر تشدد، جھگڑوں اور مسائل کا الزام لگایا گیا، وہ حقیقت سے زیادہ مفروضات پر مبنی تھا۔ مسائل کا حل یہ نہیں کہ طلبہ کے جمہوری حقوق کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ ان کے لیے ایک مثبت اور منظم پلیٹ فارم مہیا کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ طلبہ یونینز کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں اور نوجوانوں کو قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کریں۔ ان کے بقول، طلبہ یونینز نہ صرف جمہوری تربیت کا ذریعہ ہیں بلکہ نوجوانوں کو قیادت کی صلاحیتیں سکھانے کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہیں، جو مستقبل میں ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

تراب رشید

تراب رشید

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس