فرانسیسی وزیر اعظم فرنسوا بایرو پیرس میں منعقدہ ایئر شو کے دورے کے دوران رافیل طیارے کے کاک پٹ میں پھنس گئے۔
وزیر اعظم نے ایئر شو کے موقع پر مختلف کمپنیوں کے اسٹالز کا دورہ کیا اور متعدد طیاروں و ہیلی کاپٹروں کا مشاہدہ کیا۔ اس دوران وہ فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی داسو ایوی ایشن کے اسٹال پر بھی پہنچے، جہاں کمپنی کے تیار کردہ مشہور جنگی طیارے رافیل کو قریب سے دیکھا۔
فرنسوا بایرو رافیل طیارے کے کاک پٹ میں بیٹھے، جہاں انہیں اس کی تکنیکی خصوصیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ تاہم جب وہ طیارے سے باہر نکلنے لگے تو اندازہ ہوا کہ وہ کاک پٹ میں پھنس چکے ہیں۔ طیارے سے باہر آنے کے لیے انہیں خاصی مشقت کرنا پڑی۔