Follw Us on:

ایرانی فوج مناسب اور متناسب ردعمل دے گی، ایرانی مندوب

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Live updates
ایرانی مندوب نے کہا کہ، امریکا نے ایران پر حملہ کر کے سفارتکاری کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ( تصویر: سی این این)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایراوانی نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملے کا جواب دینا ضروری ہے، اور اس حملے کا جواب دینے کا “وقت، نوعیت اور پیمانہ” ایرانی فوج طے کرے گی۔

یہ بیان اتوار کے روز اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران سامنے آیا، جس کا انعقاد ایران پر امریکی فضائی حملے کے بعد کیا گیا۔ ایرانی مندوب نے کہا کہ، امریکا نے ایران پر حملہ کر کے سفارتکاری کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے بقول، ایرانی فوج مناسب اور متناسب ردعمل دے گی۔

سعید ایراوانی نے امریکی الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔ ان کے مطابق، امریکا عدم پھیلاؤ کے معاہدے کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جسے جارحیت اور غیر قانونی اقدامات کے لیے بنیاد بنایا جا رہا ہے۔

Iran alerts un to trump
سعید ایراوانی نے دعویٰ کیا کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حصول سے روکا جا رہا ہے۔ (فوٹو: دی عرب ویکلی)

ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ایران نے متعدد بار امریکا کو جنگ سے دور رہنے کے لیے خبردار کیا، لیکن امریکا نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے لیے اپنی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا۔

سعید ایراوانی نے دعویٰ کیا کہ ایران کو پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حصول سے روکا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا، اس وقت دنیا ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کا مشاہدہ کر رہی ہے، جب کہ اسرائیلی جارحیت نے پورے خطے کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔

اس موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی نے ایران کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کارروائیاں اپنے شہریوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے کی گئیں، تاہم اقوام متحدہ میں امریکی وفد کی جانب سے کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

عالمی مبصرین کے مطابق، ایران کی جانب سے سخت موقف اور جوابی کارروائی کے عندیے سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آئندہ دنوں میں خطے کی صورتحال اور بڑی طاقتوں کا ردعمل اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس