Follw Us on:

’شدید گرمی سے وقتی ریلیف‘، 25 جون سے مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Pre monsoon rains begin early this year
رواں سال مون سون سیزن 15 جون سے شروع ہو چکا ہے ( تصویر: دی انڈین ایکس پریس)

محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ 25 جون سے ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو گا۔ یہ بارشیں موجودہ شدید گرمی کی لہر سے وقتی ریلیف دیں گی، لیکن بعض علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب اور دیگر خطرات بھی لاحق ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ ایک مغربی ہوائی سلسلہ 25 جون کو شمالی علاقوں میں داخل ہو گا جو بارشوں کی شدت میں اضافہ کرے گا۔ آزاد جموں و کشمیر میں، خاص طور پر نیلم ویلی، مظفرآباد اور راولا کوٹ جیسے علاقوں میں 24 جون کی شام سے 2 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں 26 سے 29 جون، جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں 25 جون سے 1 جولائی تک تیز بارشوں اور آندھی طوفان کی پیش گوئی ہے۔ متاثرہ شہروں میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور سرگودھا شامل ہیں۔ جنوبی پنجاب جیسے ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 26 سے 28 جون کے دوران ایسی ہی صورتحال متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا امریکی صدر کے بیان کے مطابق ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی ہوگئی ہے؟

خیبر پختونخوا میں بھی مون سون فعال رہے گا۔ پشاور، سوات، دیر، وزیرستان سمیت دیگر علاقوں میں 25 جون سے 1 جولائی تک بارشیں ہوں گی۔ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع مثلاً شیرانی، خضدار، سبی اور لسبیلہ میں 25 سے 28 جون تک بارشیں متوقع ہیں۔

سندھ کے بالائی اور جنوب مشرقی علاقوں جیسے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور تھرپارکر میں 25 سے 28 جون کے دوران بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے، درمیان میں کچھ وقفے بھی آ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب، اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ مری، گلیات، کوہستان، اور خیبرپختونخوا و پنجاب کے کچھ حصے خاص طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔

Rain and traffic warden
مری، گلیات، کوہستان، اور خیبرپختونخوا و پنجاب کے کچھ حصے خاص طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

اسلام آباد، لاہور، پشاور، گوجرانوالہ، کراچی اور حیدرآباد جیسے شہروں کے نشیبی علاقوں میں 26 سے 28 جون کے دوران اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ آنے والی بارشیں کچے گھروں، درختوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، اور ہورڈنگ بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں موسم کے مطابق ترتیب دیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

رواں سال مون سون سیزن 15 جون سے شروع ہو چکا ہے اور 15 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے، تاہم اس سال اس کا آغاز جلد اور اختتام دیر سے ہو سکتا ہے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس