چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے منگل کی صبح وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، سی پیک منصوبوں اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے اعلیٰ معاونین اور دفتر خارجہ کے حکام بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے اعتماد اور دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان، چین کے ساتھ جاری سی پیک منصوبوں کی تکمیل اور مستقبل کے تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ایم ایل ون، قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) فیز2، گوادر بندرگاہ کو مکمل طور پر فعال بنانے، زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات کی۔
وزیر اعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کی مدد نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے اور میکرو اکنامک صورتحال میں بہتری لانے میں مدد دی ہے۔ انہوں نے اس تعاون کو حکومت کے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لیے اہم قرار دیا۔
علاقائی امور پر گفتگو کے دوران، ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چینی سفیر نے سفارتی ذرائع سے مسئلے کے پرامن حل کی پاکستانی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت تمام سفارتی فورمز پر مثبت کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بتایا کہ وزیر اعظم کے مجوزہ دورہ چین کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جو اگست 2025 کے آخر میں متوقع ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔