امیر جماعت اسلامی پاکستان اور بنو قابل پروگرام کے پیٹرن ان چیف حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کے ہنر کی طاقت سے ہر صوبے اور ضلع میں انقلاب لاکر ملک کو ہنرمند پاکستان بنائیں گے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام “بنو قابل” پروگرام کی دو روزہ نیشنل ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد لاہور میں کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ریجنل و ضلعی نمائندگان، ماہرین تعلیم، ٹرینرز اور پروگرام کی کوآرڈینیشن ٹیم کے اراکین نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا مقصد بنو قابل پروگرام کے دائرہ کار کو وسعت دینا، معیار میں بہتری لانا اور آپریشنز، اکیڈمکس، برانڈنگ، ملازمتوں کی فراہمی، مانیٹرنگ و ایویلوایشن اور والینٹئر مینجمنٹ کے شعبوں کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ بنو قابل پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام بن چکا ہے، جس کے ذریعے ہم نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ ہر ضلع اور شہر میں اس انقلاب کو پھیلائیں تاکہ پاکستان کو ایک ہنرمند قوم بنایا جا سکے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ بنو قابل صرف ایک تعلیمی پروگرام نہیں بلکہ نوجوانوں میں اعتماد، خود انحصاری اور ترقی کا جذبہ پیدا کر رہا ہے۔ ہم اسے ملک کی ہر تحصیل تک وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
ورکشاپ میں الخدمت کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، چیئرمین بنو قابل نوید علی بیگ، سی ای او شاہد اقبال، ڈائریکٹر عمیر ادریس، ویب پورٹل آپریشنز کے کوآرڈینیٹر راجہ حارث، ٹرینر فاروق کملانی سمیت دیگر ماہرین اور ذمہ داران نے اظہار خیال کیا۔
اجلاس میں مختلف ریجنز کی ٹیموں نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور پروگرام میں مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی دیں۔
واضح رہے کہ بنو قابل پروگرام کے تحت 28 جدید آئی ٹی کورسز کروائے جا رہے ہیں، جن میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویب اور ایپ ڈیولپمنٹ، تھری ڈی اینیمیشن، ای کامرس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ سمیت دیگر مہارتیں شامل ہیں جو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہیں۔
مزید یہ کہ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کو تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔