Follw Us on:

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، 13 جوان شہید، 14 دہشتگرد ہلاک

مادھو لعل
مادھو لعل
Ispr
واقعے کے دوران 2 معصوم بچے اور ایک خاتون بھی شدید زخمی ہوئیں۔ (فوٹو: فائل)

شمالی وزیرستان میں ایک بار پھر دہشتگردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملے کے نتیجے میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، جب کہ جوابی کارروائی میں 14 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے فورسز کے قافلے پر حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث 14 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران 2 معصوم بچے اور ایک خاتون بھی شدید زخمی ہوئیں، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے شہداء کے نام جاری کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہید ہونے والوں میں صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان اور حوالدار میاں یوسف شامل ہیں۔

ان کے علاوہ نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز اور سپاہی منظر علی شامل ہیں۔

Ispr 2
سیکیورٹی اہلکاروں کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث 14 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ (فوٹو: گوگل)

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قوم ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ یہ دہشتگرد عناصر انڈین حمایت یافتہ نیٹ ورکس کا حصہ ہیں، جو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور بچ جانے والے دہشتگردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: انڈیا کا جارحانہ رویہ پورے خطے کے لیے خطرہ ہے، فیلڈ مارشل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو 14 خوارج کے جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیاہے-انہوں نے شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے 13 بہادر جوانوں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔

مریم نواز نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہدا ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ پاکستان کے امن، سلامتی اور ترقی کے دشمنوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان گزشتہ کئی مہینوں سے دہشتگردی کے واقعات کا مرکز رہا ہے، جہاں پاک فوج نے کئی بڑی کارروائیوں میں دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو توڑا ہے۔

Author

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس