خیبرپختونخوا کے بعد بلوچستان بھی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ ژوب میں ایک المناک واقعے میں پکنک منانے کے لیے آنے والی فیملی کی گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق ہو گئیں، جن میں ایک کمسن بچی بھی شامل ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع ژوب کے علاقے سلیازہ میں پیش آیا، جہاں سیلابی پانی کی زد میں آ کر متاثرہ خاندان کی گاڑی بہہ گئی۔ حکام کے مطابق جاں بحق خواتین کا تعلق ملتان سے ہے۔
دوسری جانب ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں بھی شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ زرد آلو کے مقام پر کھوسٹ ندی میں 3 افراد پھنس گئے تھے، جنہیں لیویز فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں، جن میں ہرنائی، ژوب، قلات، سوراب، مستونگ اور کوئٹہ شامل ہیں، میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا میں ہرسال بارشوں، سیلاب سے اموات: ’کیا جان بچانا ہماری ریاست کی ترجیحات میں شامل نہیں؟‘
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں مزید طغیانی کا خدشہ ہے۔
ضلع ژوب اور ہرنائی کی ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال نے سنگین شکل اختیار کر لی ہے، جس سے جانی اور مالی نقصان کا سلسلہ جاری ہے۔