Follw Us on:

ملک بھر میں گزشتہ دو دنوں میں شدید بارشوں سے 32 افراد جاں بحق، مزید بارشوں کی پیشگوئی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Weather
بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔ (فوٹو:اےایف پی)

ملک کے چاروں صوبوں میں گزشتہ دو دنوں کے دوران شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 32 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے اور کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، جہاں جمعے کے روز 17 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہفتے کو مزید دو افراد کی جان گئی۔

چارسدہ میں ایک شخص دریا میں ڈوب گیا، جب کہ شانگلہ میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ صوبے میں 56گھروں کو نقصان پہنچا جن میں سے چھ مکمل طور پر گر گئے۔

پنجاب میں ہفتے کے روز پانچ افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ زیادہ تر حادثات چھتیں گرنے کے باعث پیش آئے۔ لاہور، اٹک، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور حافظ آباد میں حادثات رپورٹ ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے حق میں عالمی عدالت کا فیصلہ: کیا انڈیا سندھ طاس معاہدے پر عمل سے انکار کر سکتا ہے؟

بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔ یہ افراد کوئٹہ سے واپس آ رہے تھے کہ اچانک سیلاب نے انہیں ایک پکنک پوائنٹ پر آ لیا۔ دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔

Rains.
ملک کے کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

کراچی میں ہفتے کے روز دو مختلف واقعات میں چار افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو کرنٹ لگنے سے اور دو مکان کی چھت گرنے سے ہلاک ہوئے۔

ملک کے کئی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شہری علاقوں میں ممکنہ سیلاب، گلیشیئر پھٹنے (گلوف)، اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے بلند علاقوں میں گلیشیئر پگھلنے سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔

پنجاب کے شمالی اضلاع جیسے مری، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس