چین نے کہا ہے کہ وہ جنوب مشرقی ایشیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک خطہ بنانے کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے قیادت کرنے کو بھی تیار ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ چین اس معاہدے کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ہم اس معاملے پر ایشین ممالک سے رابطے میں رہنے کو تیار ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملائیشیا کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ چین اور روس نے جنوب مشرقی ایشیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک علاقہ قرار دینے کے معاہدے (ساؤتھ ایسٹ ایشیا نیوکلیئر ویپن فری زون ٹریٹی) میں شامل ہونے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جبکہ امریکا اس معاہدے کا جائزہ لے رہا ہے۔

معاہدے کا مقصد جنوب مشرقی ایشیائی ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں سے محفوظ رکھنا اور جوہری طاقتوں کو ایسے کسی بھی اقدام سے روکنا ہے جو اس خطے کو جوہری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرے۔
چینی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم خطے میں امن و استحکام کے لیے آسیان کے کردار کو سراہتے ہیں اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون پر آمادہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر بڑی جوہری طاقتیں اس معاہدے پر دستخط کر دیتی ہیں تو یہ خطے میں اسلحے کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہوگی۔