برمنگھم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن انڈیاکے کپتان شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 114 رنز کی اننگز کھیلی، جو انگلینڈ میں ریکارڈ کے مطابق اب تک کی سب سے کم غلطیوں والی ٹیسٹ سنچری ہے۔
کرک وز کے مطابق گل کی اننگز میں فالس شاٹ کا تناسب صرف 3.5 فیصد رہا ہے جو 2006 سے جاری ڈیٹا کے مطابق کسی بھی بلے باز کی سنچری سے کم ہے۔ اس فہرست میں جو روٹ سر ایلسٹر کک رکی پونٹنگ راہول ڈریوڈ اور ژاک کیلس جیسے بیٹسمین شامل ہیں لیکن کسی کی اننگز اس قدر محتاط نہیں رہی۔

گل نے انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں پہلے ٹیسٹ کی شکست کے بعد ایجبسٹن میں ٹاس ہارنے کے باوجود پرسکون انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا کا اسکور پانچ وکٹ پر 310 رنز تک پہنچایا۔ ان کی اننگز میں صرف سات بار ایسا موقع آیا جہاں کوئی غلط شاٹ دیکھا گیا۔
انڈین کوچ روی شاستری کے مطابق شبھمن نے اپنی دفاعی تکنیک پر کام کیا ہے۔ پہلے وہ گیند پر زور لگاتے تھے اب وہ گیند کو آنے دیتے ہیں اور دفاع پر بھروسہ کرتے ہیں۔
شبھمن گل نے اس اننگز میں 125 گیندوں پر نصف سنچری اور 199 گیندوں پر سنچری مکمل کی ہے جو ان کے کیریئر کی سب سے سست رفتار سنچری تھی۔

انگلش بولر کرس ووکس نے کہا ہے کہ ہم نے اس کی وکٹ کے لیے پیڈز کو نشانہ بنایا ایک موقع پر لگا تھا کہ ایل بی ڈبلیو مل جائے گا لیکن اندرونی کنارہ لگ گیا تھا۔ باقی وقت وہ مکمل کنٹرول میں لگے۔
ذرائع کے مطابق یہ اننگز نہ صرف گل کے لیے بطور کپتان اہم رہی بلکہ انگلینڈ میں ان کی پچھلی کمزور کارکردگی کو بھی پیچھے چھوڑ گئی ہے، جہاں وہ اوسطاً 14.66 رنز فی اننگز بنا رہے تھے۔
یہ اننگز انگلینڈ میں کسی بھی غیر ملکی بیٹر کی سب سے کم فالس شاٹس والی اننگز کے طور پر بھی ریکارڈ پر آ گئی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے ژاک کیلس کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں دی اوول میں 4.4 فیصد کی فالس شاٹ شرح کے ساتھ 182 ناٹ آؤٹ بنائے تھے۔