ملک بھر میں ایک بار پھر بارشوں کا سلسلہ شروع، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے یہ سلسلہ جاری ہے۔
لاہور کے علاوہ گوجرہ، فیصل آباد، چنیوٹ میں بھی بادل جم کر برسے جب کہ آج اسلام آباد ،پنجاب ،خیبر پختو نخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکو ل میں 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ بالاکوٹ اورمانسہرہ میں 40، 40 ملی میٹر، ایبٹ آباد 31، مالم جبہ17 اور بنوں میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پیر کو مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جہاں گاؤں مانگلی میں 8 سال کے بچے کے ساتھ حادثہ پیش آیا جو برساتی نالے میں ڈوب گیا، بچے کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں حالیہ مون سون کے دوران حادثات میں 10 افرادجاں بحق اور 7 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اوران سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم اے پنجاب نے 9 جولائی تک سیلاب کی وارننگ جاری کر دی
پنجاب کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال پر آگاہ کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ نالوں بشمول بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ڈیرہ غازی خان کے رود کوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی ہے، جس کے باعث ان علاقوں میں بھی فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے لاہور، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ عوام کی زندگی اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں اور ریسکیو 1122 کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا سکیں۔