پاکپتن میں خاور مانیکا کے ڈیرے پر بشریٰ بی بی مانیکا کے بیٹے موسیٰ مانیکا کی مبینہ فائرنگ سے 17 سالہ ملازم زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق موسیٰ مانیکا اور ملازم کے درمیان تکرار کے دوران طیش میں آ کر موسیٰ مانیکا نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علی بہادر نامی نوجوان زخمی ہو گیا۔

زخمی نوجوان کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر کی پولیس نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے موسیٰ مانیکا کو ڈیرے سے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور موسیٰ مانیکا سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی نوجوان کی صحتیابی کے لیے تمام طبی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقع کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ہی شفاف تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔