تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو 0-3 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستانی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں پہلا سیٹ 16-25، دوسرا 19-25 اور تیسرا فیصلہ کن سیٹ 12-25 سے اپنے نام کر کے شاندار فتح حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے جنید، فیضان، عرفان اور طلحہ نے بہترین کارکردگی دکھائی اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گرین شرٹس ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور ہر میچ میں حریف ٹیموں کو زبردست انداز میں مات دی ہے۔
واضح رہے کہ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ہفتے کے روز ایران سے ہوگا، جس نے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان کو بھی 0-3 سے شکست دی۔

یاد رہے کہ کوارٹر فائنل کی دوڑ میں پاکستان نے ایران کو 1-3 سے شکست دے کر ٹاپ فور میں جگہ بنائی تھی۔ پاکستان نے گروپ ڈی میں کوریا، سعودی عرب اور چائنیز تائپے کو زیر کیا، جب کہ انڈونیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کے باعث وہ عالمی انڈر 27 والی بال چیمپئن شپ 2026 کے لیے بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔
مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر آندرے رسل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی جونیئر ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو نوجوانوں کی کارکردگی پر فخر ہے۔ انڈیا کے خلاف شاندار کامیابی خوش آئند ہے، اللہ تعالیٰ فائنل میں بھی کامیابی دے۔