امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام باد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں مہنگائی، پیٹرول، گیس، بجلی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے عوام دشمن حکومتی پالیسیوں اور بے قابو مہنگائی کے پیش نظر کل ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافط نعیم الرحمان نے کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل پر آواز بلند کر رہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن صرف اپنی مراعات کے تحفظ میں مصروف رہتے ہیں۔ یہ قومی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد پر متحد ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب جماعتیں مل کر فیصلہ کرتی ہیں کہ ان کی تنخواہوں میں 300 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔ لیکن عوام پر پڑنے والے بوجھ پر کوئی بات نہیں کی جاتی۔
امیر جماعت سلامی نے علان کیا کہ اتوار کو اسلام آباد سمیت ملک بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے کیے جائیں گے۔ پیٹرول کی قیمت میں بیس روپے فی لیٹر اضافہ صرف جولائی میں کیا گیا لیکن عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا جاتا۔
حافظ نعیم نے خبردار کیا کہ ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کے پیچھے ایک مخصوص مافیا ہے۔ اٹھاسی ملوں کی ڈیلر شپ دس سے بارہ افراد کے پاس ہے اور ان میں سے نوے فیصد ملیں ن لیگ یا پیپلز پارٹی کی ہیں۔ یہ تمام افراد اپنے مفادات کے لیے متحد ہیں جبکہ یہ ڈیلرز باقاعدہ رجسٹرڈ بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے چینی کی قیمت میں اضافے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چینی کو ایک سو چالیس سے دو سو روپے فی کلو تک پہنچا دیا گیا ہے۔
آر ایل این جی کے معاہدوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے عوامی مفاد کے خلاف تھے اور ن لیگ کی حکومت نے ٹیک آر پےکی بنیاد پر یہ معاہدے کیے جوظالمانہ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گیس کے ذخائر سے پیداوار روک دی گئی ہے جس سے ملک کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے سلیبز سسٹم کوجعلی قرار دیا اور کہا کہ اگر اسے ختم نہ کیا گیا تو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جاتا رہے گا۔

امیر جماعت سلامی نےایف بی آر پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر تیرہ سو ارب روپے کی ٹیکسز میں کرپشن کرتا ہے اور بجلی کے بلوں پر غیر ضروری ٹیکس لگاتا ہے۔ انڈسٹری کو گیس درآمد کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور ایف بی آر کے اہلکاروں کو تاجر برادری کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا اختیار واپس لیا جائے۔
اپنے خطاب کے دوران حافظ نعیم نے کہا کہ ٹرمپ فلسطین کے قتل عام میں اسرائیل کی مدد کر رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت مارچ کو روکنے کی کوشش کرے گی تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو جماعت اسلامی میں شامل ہونے کی دعوت دی اور کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی۔