Follw Us on:

اسحاق ڈار کی صدر جنرل اسمبلی سے ملاقات: ’پاکستان-انڈیا کے ساتھ تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے‘

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ishaq dar
انڈیا کے ان اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ (فوٹو: فائل)

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان سینیٹر اسحاق ڈار نے گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیپونگ یانگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور عالمی کثیرالجہتی نظام سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طرز حکمرانی کو بہتر بنانے اور اقوام متحدہ میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ یہ ادارہ پوری عالمی برادری کی توقعات پر پورا اُتر سکے۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ، ایران، افغانستان اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے اہم ایجنڈا نکات خاص طور پر پائیدار ترقی کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔

اسحاق ڈار نے ’پیکٹ فار دی فیوچر‘ اور ’یو این 80 انیشی ایٹو‘ کے حوالے سے صدر جنرل اسمبلی کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ایک جامع، موثر اور ذمہ دار اقوام متحدہ وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں سلامتی کونسل میں اصلاحات، کونسل کو مزید جمہوری اور موثر بنانے کی ضرورت پر بھی بات چیت کی گئی۔

اسحاق ڈار نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی، فلسطینی ریاست کے قیام اور مغربی کنارے میں اسرائیلی توسیع پسندی کی مخالفت کا اعادہ کیا۔

Ishaq dar ii
عالمی طرز حکمرانی کو بہتر بنانے اور اقوام متحدہ میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ (فوٹو: ایکس)

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے اور بات چیت و سفارتکاری کے ذریعے امن کو فروغ دینے کا حامی ہے۔

انہوں نے اس ماہ سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی مباحثے اور اقوام متحدہ و او آئی سی تعاون سے متعلق اجلاس کو پاکستان کے کثیرالجہتی عزم کی عکاسی قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے انڈیا کے جارحانہ رویے، جھوٹے پراپیگنڈے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کے ان اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری کو انڈیا کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیرقانونی اقدامات اور دہشتگردی کی پشت پناہی سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں مرد وعورت کا قتل:  واقعہ پر نئی بحث کا آغاز، پردے سے کیوں جوڑا جارہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان-انڈیا کے ساتھ تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے اور اس کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت بات چیت ضروری ہے۔

صدر جنرل اسمبلی نے امن، ترقی اور شمولیت کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ تمام اقوام کی خدمت کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس