سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی نے 2025 سے 2026 کے تعلیمی سال کے لیے عالمی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے جس سے پاکستان انڈیا اور نائیجیریا کے طلبہ کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے ۔
یہ اسکالرشپ جامعہ کی انڈرگریجویٹ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر دستیاب ہے۔
جدہ میں واقع کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات میں شامل ہے اور عالمی درجہ بندی میں اس کا نمبر 143ہے۔
اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس ماہانہ وظیفہ رہائش صحت کی سہولت اور سالانہ سفری اخراجات شامل ہیں جس کا مقصد معاشی مسائل سے دوچار ممالک کے طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

جامعہ کی ویب سائٹ کے مطابق اسکالرشپ میں انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے ماہانہ ایک ہزار سعودی ریال ماسٹرز کے لیے تین ہزار اور پی ایچ ڈی کے لیے چار ہزار ریال وظیفہ دیا جائے گا اس کے علاوہ مقالہ چھپوانے اور کتب کی ترسیل کے لیے بھی خصوصی امداد شامل ہے۔
ماسٹرز و پی ایچ ڈی سٹودنٹ کے لیے اسکالرشپ درخواست دینے کی آخری تاریخ 31اکتوبر 2025مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دہندگان کو جامعہ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دینا ہو گی۔
داخلے کے لیے شرائط میں تعلیمی اسناد کی سعودی سفارتخانے سے تصدیق اچھی صحت کردار کی درستگی اور پاسپورٹ کی کم از کم ایک سال کی مدت شامل ہے ۔ ماسٹرز کے لیے 30اور پی ایچ ڈی کے لیے 35سال سے کم عمر کا ہونا ضروری ہے۔

غیر عربی پروگرامز میں داخلے کے لیے انگریزی زبان کی اہلیت لازمی قرار دی گئی ہے جس میں ٹوفل یا آئلٹس کے اسکور درکار ہیں تاہم عربی یا اسلامی علوم کے پروگرامز کے لیے یہ شرط لاگو نہیں ہو گی۔
خواتین امیدواروں کے لیے شرط ہے کہ ان کے ساتھ سعودی عرب میں ایک مرد سرپرست موجود ہو جو ان کے قیام اور سفر کی نگرانی کر سکے۔
جامعہ کے مطابق دنیا بھر سے 5500سے زائد عالمی طلبہ ان پروگرامز سے مستفید ہو چکے ہیں پاکستانی ،انڈین اور نائیجیریا کے شہری بڑی تعداد میں ان اسکالرشپس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے متعلقہ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ وقت پر اپنی دستاویزات مکمل کر کے درخواست جمع کرائیں اور بیانِ مقصد میں اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہداف کو واضح کریں تاکہ ان کے انتخاب کے امکانات بڑھ سکیں۔
جامعہ کے مطابق یہ اسکالرشپ نہ صرف مالی سہولت فراہم کرتی ہے بلکہ طلبہ کو جدید تحقیق اور تعلیمی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی دیتی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت تعلیم کی جانب سے چلائے جانے والے پلیٹ فارم اسٹڈی ان سعودی کے ذریعے بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔