پنجاب میں ایک اور مون سون اسپیل کی پیش گوئی کے ساتھ پیر سے دوبارہ بارشوں کا امکان ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اس سلسلے میں پانچواں الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں تمام متعلقہ حکام کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 28 سے 31 جولائی کے درمیان پنجاب کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ مون سون ہواؤں کے زیرِ اثر اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
ترجمان نے جن علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے ان میں مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، اور حافظ آباد شامل ہیں۔
لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں بھی بارش متوقع ہے۔
مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل 28 سے 31 جولائی تک جاری رہے گا۔
— PDMA Punjab Official (@PdmapunjabO) July 26, 2025
پی ڈی ایم اے پنجاب کی صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات ۔#PDMAPunjab #MonsoonAlert #WeatherWarning #StaySafePunjab #DisasterManagement #MaryamNawazSharif #FloodPreparedness #EmergencyAlert pic.twitter.com/xRL9eCEL0h
اس کے علاوہ 29 جولائی سے ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بارشیں ہو سکتی ہیں۔
حکام نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ یعنی شہری سیلاب کے خطرے کی نشاندہی کی ہے، جس کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ چند مقامات پر بارش کا امکان ضرور ہے، تاہم عمومی طور پر گرمی اور حبس کا زور برقرار رہے گا۔
محکمے نے بتایا کہ کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت کئی شہروں میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔