پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب، جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ 30 سے 31 جولائی کے دوران دریائے چناب اور جہلم میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، جب کہ دریائے راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جب کہ راولپنڈی، گجرانوالہ اور لاہور میں شدید بارشوں کے باعث اگلے 48 گھنٹوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژن کے کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے، جب کہ نارووال، لاہور، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، جھنگ، چنیوٹ، خانیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، سیالکوٹ، قصور، اوکاڑہ، وزیر آباد، وہاڑی، پاکپتن، بہاولنگر، لودھراں، راجن پور سمیت دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ہنگامی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز کو مکمل فعال رکھنے، دریاؤں کے کناروں پر موجود آبادی اور مویشیوں کے فوری انخلاء، اور فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کا پاک بزنس ایکسپریس کا افتتاح: ‘ٹرین لاہور سے کراچی کا فاصلہ صرف ساڑھے 18 گھنٹوں میں طے کرے گی’
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔
واضح رہے کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔