چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ لی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران پاکستان آرمی کی فضائی قوت میں ایک اور اضافہ کیا گیا۔ جدید گن شپ ہیلی کاپٹر Z-10ME کی شمولیت کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
یہ ہیلی کاپٹر دن اور رات ہر موسم میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں جدید ریڈار الیکٹرانک وارفیئر نظام اور ہدف شکن ہتھیار شامل ہیں۔ عسکری ماہرین کے مطابق Z-10ME کی شمولیت پاک فوج کی فضائی کارروائیوں کی استعداد میں نمایاں اضافہ کرے گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں فائر پاور مظاہرے کا مشاہدہ کیا جہاں Z-10ME ہیلی کاپٹرز کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر کمبائنڈ آرمز ٹیکٹکس کا بھی مظاہرہ پیش کیا گیا۔
آرمی چیف نے جوانوں کی مہارت اور تیاریوں کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔ پاکستان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کیا پاکستان واقعی انڈیا کو تیل فروخت کر سکے گا؟ ٹرمپ کا دعویٰ کس حد تک درست ہے؟
واضع رہے کہ فوج کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے ملتان میں مختلف علمی اور سماجی شخصیات سے بھی ملاقات کی اور سول ملٹری ہم آہنگی پر زور دیا۔
عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاک فوج کی تیاریوں اور جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کے حوالے سے اہم پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔