زلزلہ پیما مرکز کے مطابق رات 2 بج کر 4 منٹ پر لاہور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
یہ جھٹکے نہ صرف پنجاب بلکہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی محسوس کیے گئے۔
پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ مردان چارسدہ کرک ایبٹ آباد ہری پور دیر سوات اور مالاکنڈ سمیت کئی علاقوں میں شہریوں نے زلزلے کی لرزش کو شدت سے محسوس کیا۔
جھٹکوں کے فوراً بعد لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ کئی علاقوں میں شہریوں نے کھلے میدانوں کا رخ کیا اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
سوشل میڈیا پر بھی زلزلے سے متعلق اطلاعات اور ویڈیوز تیزی سے گردش کرتی رہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زلزلے کے فوری بعد کسی قسم کی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور مصدقہ اطلاعات پر انحصار کریں۔
ماہرین کے مطابق چونکہ زلزلے کا مرکز گہری سطح پر تھا اس لیے شدت کم ہونے کے باوجود جھٹکے دور دراز علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
واضع رہے کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 5 اور گہرائی 114 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مرکز کے مطابق زلزلے کا منبع افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا۔
اب تک کی صورتحال کے مطابق ملک بھر میں زلزلے کے باعث کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم محکمہ جاتی جائزہ اور نگرانی کا عمل جاری ہے۔