پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی تناؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور اس تناؤ کو ختم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، اس کے لیے مقتدر حلقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق بونیر میں پانچ اگست کو پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ نومئی کے واقعات کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا، ہمارے کارکنوں اور رہنماؤں پر مقدمات بنائے گئے، سزائیں سنائی گئیں اور نااہل قرار دیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کو بھی نااہلی کا سامنا ہے، جس سے سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے مقدمات اور نااہلیوں کا سامنا کیا، اب وقت ہے کہ مقتدر حلقے آگے بڑھیں اور ملکی مفاد میں تناؤ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ جب عوام میں مایوسی اور غصہ بڑھتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج ہر طرف ایک ہی مطالبہ گونج رہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، لوگ اب یہی پوچھتے ہیں کہ ان کی رہائی کب ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزید مقدمات اور نااہلیوں سے سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا، عوام میں غصہ بڑھے گا اور اداروں پر اعتماد میں کمی آئے گی، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ سمیت سازشی گروہ کو باہر نکالے، شیر افضل مروت
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان اب مزید سیاسی تناؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ ملک کی بہتری کے لیے سیاسی کشیدگی ختم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں۔