پاکستان تحریک انصاف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں مظاہروں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور مختلف حلقوں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق 5 اگست کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا اور ہر حلقے میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اراکین اسمبلی ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداران کو اس میں بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

صدر پی ٹی آئی لاہور امتیاز شیخ نے کہا کہ پارٹی آج لاہور کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا انعقاد کرے گی اور کسی ایک مقام پر پاور شو کی کوشش کی جائے گی۔ تاہم صورتحال کے پیش نظر متبادل پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پولیس نے لاہور سے 300 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی درندگی: امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ، مزید 36 افراد جانبحق
پولیس ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر میں اینٹی رائٹ فورس کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اہم سرکاری عمارتوں اور مرکزی شاہراہوں پر سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مرکزی پاور شو ممکن نہیں ہوتا تو حلقہ وار احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
حکومتی ردعمل اور متعلقہ اداروں کا موقف ابھی تک سامنے نہیں آیا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔