الیکشن کمیشن نے نومئی مقدمات میں سزائیں پانے والے تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر ارکان کو بھی نااہل قرار دے دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق نو مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے پر مجموعی طور پر نو ارکانِ پارلیمنٹ کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے۔ ڈی نوٹیفائی کیے جانے والوں میں پانچ ارکانِ قومی اسمبلی، تین ارکانِ پنجاب اسمبلی اور ایک سینیٹر شامل ہیں۔
نااہل قرار دیے گئے دیگر ارکان میں رائے حیدر علی، صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل، رائے حسن نواز، انصر اقبال، جنید افضل اور رائے محمد مرتضیٰ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی علیمہ خان اور سلمان اکرم راجہ سمیت سازشی گروہ کو باہر نکالے، شیر افضل مروت
الیکشن کمیشن نے ان تمام ارکان کی نشستیں خالی قرار دے دی ہیں اور جلد از جلد ضمنی انتخابات کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نااہلی کا فیصلہ نو مئی کے واقعات میں عدالتی سزاؤں کی بنیاد پر کیا گیا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کے متعدد رہنما ان مقدمات میں سزائیں بھگت رہے ہیں۔