Follw Us on:

تین براعظموں پر محیط سروے: اکثریت اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے کی حامی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Palestinian child
عوام کی اکثریت اسرائیل کو اسلحے کی تجارت بند یا کم کرنے کی حامی ہے( فائل فوٹو)

پانچ ممالک  برازیل، کولمبیا، یونان، جنوبی افریقہ اور اسپین میں کی گئی ایک حالیہ رائے شماری سے انکشاف ہوا ہے کہ عوام کی اکثریت اسرائیل کو اسلحے کی تجارت بند یا کم کرنے کی حامی ہے، جبکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے جاری ہیں۔

عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق سروے میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ مخالفت اسپین میں سامنے آئی، جہاں 58 فیصد افراد نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی مکمل طور پر بند کرنے کی حمایت کی۔

اس کے بعد یونان میں 57 فیصد اور کولمبیا میں 52 فیصد افراد نے یہی مؤقف اپنایا۔ برازیل میں 37 فیصد نے اسلحہ کی مکمل بندش جبکہ 22 فیصد نے کمی کی حمایت کی۔ جنوبی افریقہ میں یہ شرح بالترتیب 46 فیصد اور 20 فیصد رہی۔

یہ سروے “گلوبل انرجی ایمبارگو فار فلسطین” نیٹ ورک کی جانب سے کروایا گیا، جس کی تائید عالمی تنظیم “پروگریسو انٹرنیشنل” نے کی اور اسے گزشتہ ماہ پول فش پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

یہ سروے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز کی اس اپیل کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے اسرائیل سے مالی روابط ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے “قتلِ عام کی معیشت” قرار دیا تھا۔

گلوبل انرجی ایمبارگو فار فلسطین کی مہم کار آنا سانچیز نے کہاکہ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے،وہ ظلم میں شریک ہونے سے انکار کر رہے ہیں۔

براعظموں میں پھیلے ہوئے عام لوگ نوآبادیاتی قبضے، نسل پرستی اور قتلِ عام کو تقویت دینے والے ذرائع کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Colmbia protest
عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے،وہ ظلم میں شریک ہونے سے انکار کر رہے ہیں( فوٹو:الجزیرہ)

انہوں نے مزید کہاکہ کوئی بھی جمہوریت پسند ریاست اسرائیل کے ساتھ توانائی، عسکری یا معاشی روابط کو برقرار رکھنے کا جواز پیش نہیں کر سکتی، جبکہ وہ فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے۔ یہ صرف تجارت کا مسئلہ نہیں، بلکہ ظلم کے سپلائی لائنز کا خاتمہ ہے۔

سروے ان ممالک میں کیا گیا جو اسرائیل کو توانائی کی درآمد و ترسیل میں براہِ راست ملوث ہیں۔ ہر ملک میں ایک ہزار سے زائد افراد سے اسرائیل کے ساتھ سرکاری اور نجی شعبے کے تعلقات پر رائے لی گئی۔

غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال کے تناظر میں اسرائیل کی کارروائیوں پر سب سے زیادہ مذمت یونان اور اسپین میں دیکھی گئی، جبکہ برازیل میں یہ سطح سب سے کم رہی۔

یونان اور اسپین میں بالترتیب 61 اور 60 فیصد افراد نے اسرائیل کے موجودہ “فوجی اقدامات” کی مخالفت کی۔

کولمبیا میں یہ شرح 50 فیصد، برازیل میں 30 فیصد اور جنوبی افریقہ میں 30 فیصد رہی، جبکہ برازیل میں 33 فیصد اور جنوبی افریقہ میں 20 فیصد نے اسرائیلی مہم کی حمایت کی۔

مزید پڑھیں:غزہ: اسرائیلی فائرنگ سے امداد لینے والے 38 فلسطینی شہید ہوگئے

اب تک اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے نتیجے میں 60,000 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ غزہ، جو اب فی کس کے لحاظ سے دنیا میں بچوں کے سب سے زیادہ اعضا سے محروم ہونے والے خطوں میں شمار ہوتا ہے، بھوک اور تباہی کا شکار ہے۔ اسلحہ کی فروخت کرنے والی کمپنیاں اس حوالے سے بڑھتی ہوئی عوامی تنقید کی زد میں ہیں۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس