وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے فتنہ فساد پھیلانے والی ذہنیت کے خلاف جنگ بھی جیتیں گے۔ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ ملک کی خدمت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی۔ عہدے تو بہت لوگوں کو ملتے ہیں، اگر نیت اچھی نہیں تو آپ بدنام ہوجاتے ہیں۔
لاہور میں معرکہ حق میں عظیم الشان کامیابی اور جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، ملکی خود مختاری اور دفاع کے لیے ہم سب سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی وجہ سے رواں سال جشنِ آزادی کا الگ ہی جذبہ ہے، ہم ملی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ یومِ آزادی مناتے ہیں۔ ملکی دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز نے وطنِ عزیز کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں، شہداء کے اہلِ خانہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ آج کا دن افواجِ پاکستان کے نام کرتے ہیں۔ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے خلاف تاریخی کامیابی پر دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا ہے۔ دشمن کے جنگی طیارے گرانے پر پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے دشمن کے چھ لڑاکا طیارے مار گرائے، ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ جنگ جیتنے کے لیے صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ ایمان جیسا جذبہ ہونا بھی ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملکی ترقی کے لیے فتنہ فساد پھیلانے والی ذہنیت کے خلاف جنگ بھی جیتیں گے۔ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ ملک کی خدمت ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتی۔ عہدے تو بہت لوگوں کو ملتے ہیں، اگر نیت اچھی نہیں تو آپ بدنام ہوجاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ رہتی دنیا تک پاکستان کو قائم رکھے۔ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ یہ دن عزت اور کامیابی کے ساتھ نصیب کیا۔ تمام ماؤں کو میری، نواز شریف اور قوم کی طرف سے سلامِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ان ماؤں کے نام، جنہوں نے دعاؤں کے ساتھ اپنے بیٹوں کو وطن کی حفاظت کے لیے بھیجا۔ آج کا دن ان بچوں کے نام، جنہوں نے اپنے باپ، اپنی چھاؤں کو اپنے وطن پر قربان کردیا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دنیا جان گئی ہے کہ بنیان مرصوص کا مطلب، سیسہ پلائی دیوار کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ ایئرچیف کو پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے۔ یہی جنگ پاکستانی قوم تقسیم ہوکر لڑتی تو قسم سے یہ جنگ ہم کبھی بھی نہ جیتتے۔ دنیا ابھی تک سوچ رہی ہے کہ یہ کیا ہوگیا کہ پاکستان نے رافال طیارے مارگرائے۔
مزید پڑھیں: ’میرا برانڈ پاکستان‘، آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم حقیقی معنوں میں آزاد ہوں، حافظ نعیم الرحمان
انہوں نے کہا کہ اب غربت، جہالت کے خلاف جنگ ہوگی، فتنے فساد کے خلاف جنگ ہوگی اور ہم ضرور جیتیں گے۔ پاکستان کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنائیں گے۔ ملک کو غربت سے نکالنے کے لیے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ غلطیاں انسانوں سے ہوتی ہیں، 2018 میں ملک کی تنزلی شروع ہوئی تھی۔ یہ مٹی زرخیز ہے، تھوڑا سا پانی اور محنت مانگتی ہے۔ ہم نے اپنے سے چار گنا بڑے دشمن کو دھول چٹادی۔
ان کا کہنا تھا کہ کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو شاباش دیتی ہوں، جنہوں نے جذبے اور عقیدت سے 14 اگست کی تقریبات کی ہیں اور سجایا ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے۔