Follw Us on:

شمالی علاقہ جات میں طوفانی بارشیں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے 10 افراد جاں بحق، متعدد لاپتا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Rain
ضلع باغ میں نالے میں کار بہہ جانے کے واقعے کے بعد 400 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ (فوٹو: گوگل)

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، مختلف حادثات میں خواتین سمیت کم از کم 10 افراد جاں بحق، جب کہ متعدد افراد لاپتا ہو گئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کی تحصیل نصیر آباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور فلیش فلڈنگ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، کئی پل بہہ گئے اور سڑکیں بند ہو گئیں۔

ضلع باغ میں نالے میں کار بہہ جانے کے واقعے کے بعد 400 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جہلم ویلی، سماہنی، ہٹیاں بالا اور وادی نیلم میں بھی پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رتی گلی نالہ میں پھنسے 50 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم بیس کیمپ میں 500 کے قریب سیاح تاحال محصور ہیں، جن کے قیام و طعام کا بندوبست کر دیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے تباہی مچ گئی، پانچ افراد سیلاب میں بہہ گئے، جن میں سے خاتون اور بچی کی لاشیں نکال لی گئیں، تین افراد کی تلاش جاری ہے۔ غذر کے علاقے خلتی میں چھ گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

دیامر میں بہن بھائی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جب کہ شاہراہ بابوسر پر لینڈ سلائیڈنگ سے ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر کے پگھلنے کے باعث حسن آباد نالے کے دونوں اطراف زمین کا کٹاؤ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے مکینوں کو گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

Rain
دیامر میں بہن بھائی سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ (فوٹو: فائل)

ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور نشیبی آبادیوں کو خالی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سلترو گوما کا واحد پل بہہ جانے کے بعد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ سب ڈویژن مشہ بروم اور غورسے میں سینکڑوں کنال زرعی اراضی اور درختوں کو نقصان پہنچا، جب کہ کاظمی گاؤں کو مکمل خالی کرا کے خیمہ بستی میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہر مانسہرہ میں سرن ویلی فیملی پارک کے قریب نالے میں طغیانی کے بعد 1300 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق پارک میں رش کے باعث فوری ریسکیو آپریشن کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں مون سون کا ساتواں اسپیل، باقی صوبوں میں آج موسم کیسا رہے گا؟

قراقرم ہائی وے کو دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث بند کر دیا گیا ہے، جب کہ متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے مطابق مجموعی طور پر آزاد کشمیر، وادی کاغان، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے درجنوں مکانات، اسکول، فصلیں اور رابطہ پل متاثر ہوئے ہیں، جب کہ مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس