لاہور پولیس نے شہر بھر میں عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال کے دوران اب تک 2,663 بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا، جب کہ ان کے خلاف 2,595 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کیپیٹل سٹی پولیس لاہور کے مطابق گرفتار افراد میں 2,549 مرد، 102 خواتین اور 12 سہولت کار بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں گداگری کے بھیس میں جرائم میں ملوث افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد شہریوں کو گداگروں کے بھیس میں سرگرم جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ بنانا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر گداگری میں ملوث مشتبہ افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں اربن، فلیش اور ریورائن فلڈنگ کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا 23 اگست تک ہائی الرٹ جاری
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گداگری ایک سماجی مسئلہ ہے، مگر اس کے پیچھے چھپے جرائم کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت جاری کی ہیں گداگروں کے بھیس میں منشیات فروش ودیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں۔ عوام گداگروں کی روک تھام میں پاکستان کا ساتھ دیں۔