Follw Us on:

بانیِ پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی کے آٹھ مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Imran khan protest
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ ( فائل فوٹو)

سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کیا گیا تھا۔

سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ چیف جسٹس نے اس پر کہا کہ کوئی بات نہیں۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے استغاثہ اور عمران خان کے وکیل سلمان صفدر سے دو سوالات کیے کہ کیا ضمانت کیس میں حتمی فیصلہ دیا جا سکتا ہے اور کیا ماضی میں سازش کے الزام پر ضمانت دینے کا اصول اس کیس پر لاگو ہوگا؟

اسپیشل پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ضمانت سے متعلق عدالتی مشاہدات عارضی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ٹرائل پر اثر انداز نہیں ہوتے۔

انہوں نے اعجاز احمد چوہدری کیس سمیت کئی عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ موجودہ کیس میں سوشل میڈیا پر سازش سے متعلق ثبوت موجود ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حالیہ برسوں میں سازش سے متعلق جتنے بھی مقدمات آئے، ان میں ضمانت منظور کی گئی۔ عدالت نے استغاثہ سے کہا کہ کوئی ایسا فیصلہ پیش کریں جس میں سازش کے الزام پر ضمانت مسترد ہوئی ہو۔

چیف جسٹس نے واضح کیا کہ عدالت میرٹس پر بات نہیں کرے گی کیونکہ یہ ٹرائل کورٹ کا اختیار ہے۔

وکیل عمران خان سلمان صفدر نے کہا کہ ان کے پاس سازش سے متعلق ضمانت کے تمام فیصلے موجود ہیں۔ اس موقع پر عدالت نے استغاثہ کو ہدایت کی کہ ضمانت مسترد ہونے کے فیصلے کی مثال پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا لاہور میں ’یوکوہاما‘ بنانے کا خواب: کیا ایسا ممکن ہوپائے گا؟

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ضمانت میں دی گئی آبزرویشنز عارضی نوعیت کی ہوتی ہیں اور ٹرائل کو متاثر نہیں کرتیں۔ اس حوالے سے انہوں نے 1996، 1998 اور 2022 کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔

گزشتہ روز اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی گئی تھی جس کے بعد آج دوبارہ سماعت ہوئی اور عدالت نے عمران خان کی ضمانت منظور کر لی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس