وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ انڈیا سے بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا ہے، ہم مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے۔ انڈیا سے جو بھی بات ہوگی، وہ اب برابری کی ہی بنیاد پر ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم میں کس کو شامل کرنا ہے کس کو نہیں یہ کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، کسی کو ٹیم میں شامل کرنے اور نکالنے میں میرا کوئی کردار نہیں ہے، ٹیم میں سلیکشن کا فیصلہ ایڈوائزری اور سلیکشن کمیٹی کرتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ توقع ہے کہ کھلاڑی دبئی میں اچھی پرفارمنس دکھائیں گے۔ مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی نظر آئے گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان شاہینز کی نیپال کو شکست، سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انڈیا کے خلاف ہماری ٹیم اچھا کھیلے گی، انڈیا سے بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا ہے، ہم مذاکرات کی بھیک نہیں مانگیں گے۔ انڈیا سے جو بھی بات ہوگی، وہ اب برابری کی ہی بنیاد پر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انڈین ٹیم سے بھی سیاست نکلی ہے، امید ہے کہ بہتری آئے گی۔ ایشیا کپ میں ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لیے دعاگو ہوں۔
شائقینِ کرکٹ سے درخواست کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیم پر غیر ضروری تنقید سے گریز کریں، عوام اپنے کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کریں۔ ٹیم نے محنت کرنی ہے اور ہم سب نے ان کے پیچھے کھڑے ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم پر تنقید بند کریں، بلاوجہ کی تنقید سے کھلاڑی مایوس ہوتے ہیں۔ ٹورنامنٹ ختم ہوجائیں پھر تنقید کرلیں، ایک میچ ختم ہوتا نہیں کہ رگڑا دے دیتے ہیں۔