لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایل ڈبلیو ایم سی نے شہر بھر میں صفائی کے نظام کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق آئندہ ہفتے سے لاہور کے مختلف علاقوں میں رہائشی و تجارتی عمارتوں کو کچرا اٹھانے کے بل ارسال کیے جائیں گے جن کا اطلاق مرحلہ وار کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر پوش آبادیوں اور کمرشل مارکیٹس کو یہ بل جاری کیے جائیں گے۔ ان بلوں کی بنیاد فی مرلہ رکھی گئی ہے تاکہ ادائیگی کا نظام شفاف اور قابلِ عمل ہو۔
ادارے کے مطابق شہر کے نو ٹاؤنز میں مرحلہ وار سینی ٹیشن بلز بھیجے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے بلوں کی پرنٹنگ کا عمل جاری ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتے سے شہریوں کو یہ بل موصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شہری علاقوں میں پانچ مرلہ سے 40 مرلہ تک کی رہائشی عمارتوں کو 300 روپے سے لے کر 5000 روپے تک ماہانہ بل موصول ہو گا جبکہ دیہی علاقوں میں اسی سائز کی عمارتوں کے لیے یہ رقم 200 سے 400 روپے ماہانہ مقرر کی گئی ہے۔
یہ بل صفائی کچرا اٹھانے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کے عوض وصول کیے جائیں گے۔
ایل ڈبلیو ایم سی کا مؤقف ہے کہ شہر میں روزانہ ہزاروں ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جسے اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے کمپنی کو بھاری اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی شمولیت اور تعاون کے بغیر پائیدار صفائی نظام کا قیام ممکن نہیں۔ اسی لیے بلنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ شہر میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا کہ یہ بل صرف ان علاقوں میں لاگو ہوں گے جہاں کمپنی کی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو آگاہی کے لیے خصوصی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ وہ اس اقدام کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور بروقت بل ادا کریں۔
واضع رہے کہ یہ اقدام نہ صرف لاہور کے صفائی نظام کو خود انحصار بنانے میں مدد دے گا بلکہ مستقبل میں بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔