امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا ہے، انہوں نے کرتارپور میں گردوارہ گرونانک سری دربار درشن ڈیوڑی کا دورہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گردوارہ باباگرونانک سکھ مذہب کی بہت بڑی عبادت گاہ ہے اور پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہم سکھ برادری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زائرین اور مقامی افرادکی ضروریات کو جماعت اسلامی پورا کرے گی۔انہوں نے پورٹل ایبل واٹر فلٹریشن پلانٹ فوری طور پر گردوارہ بھیجنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی آبی جارحیت کے بعد پروپیگنڈہ ان کا وطیرہ ہے۔ حکومت اپنی سرگرمیوں کو بڑھائے اور متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرے۔ حکومت کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف کا امیپکٹ نظر نہیں آرہا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے شاہی پروٹول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹراور کشتیوں کا سفر بہت ہوگیا، اب عملی کام کریں۔ چچا اوربھتیجی قوم کا خیال رکھیں، کام کریں اور متاثرہ افراد کو ریلیف دیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈیا کی آبی جارحیت کے خلاف پاکستان کو عالمی عدالت جانا چاہیے۔ سکھ برداری کے نوجوان الخدمت کے والنٹینر بنیں، انسانیت کی خدمت کے لیے اس کام میں نوجوانوں کو ٹرینڈ کریں گے۔
سابقہ ممبر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی اندرجیت سنگھ نے امیر جماعت کو دربار کے متاثرہ حصوں کا دورہ کروایا۔ ساتھ ہی انہوں نے حافظ نعیم الرحمان کی آمد پر شکریہ ادا۔
واضح رہے کہ سکھ برداری کی جانب سے امیر جماعت اسلامی کی آمد پر اور الخدمت کی جانب سے ریلیف فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔

اس سے قبل امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان پسرور پہنچے، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر متاثرہ مقام پر خدمت میں مصروف ہے اور اس کے رضاکار خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے ایک بار پھر الخدمت کے رضاکار بننے کی اپیل بھی کی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا چاہیے، مگر حکومت کی توجہ صرف اشتہارات اور نمائشی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اخبارات حکومتی اشتہارات سے بھرے پڑے ہیں لیکن قوم کا پیسہ قوم پر خرچ نہیں ہوتا۔ ہمارے لیے مشینری حرکت میں کیوں نہیں آتی؟ حکومت اور ادارے پہلے سے انتظام کیوں نہیں کرتے؟”
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “سی ایم صاحبہ کشتیوں کے نمائشی سفر اور دکھاوے کو چھوڑیں، تصاویر اور نمود و نمائش سے کام نہیں چلے گا، اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔”
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی مشکل حالات میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم حکومت سے تعاون کے لیے تیار ہیں مگر قوم کے پیسے کو صرف عوام پر خرچ ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی متاثرین پر کوئی احسان نہیں کر رہی بلکہ دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔”