30 اگست کو عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے “کھیل سے خدمت” کے نعرے کے تحت ایک فلڈ ریلیف میچ منعقد کیا جا رہا ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے خیبر پختونخواہ میں حالیہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فلڈ ریلیف میچ منعقد کروایا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کرکٹ سے جڑے کچھ بڑے نام جلوہ افروز ہوں گے۔
اس چیریٹی میچ میں شاہد آفریدی، یونس خان اور شعیب اختر کے ساتھ ساتھ لائن اپ میں بابر اعظم، محمد حفیظ، انضمام الحق، راشد لطیف اور اظہر علی بھی شامل ہیں۔
سابق فاسٹ باؤلر وقار یونس اور محمد عرفان کے ساتھ ساتھ آل راؤنڈر اظہر محمود بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ ان کے علاوہ سعید اجمل، یاسر شاہ، عبدالرحمان اور ذوالفقار بابر کی بھی میچ میں شمولیت کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ میچ پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ یہ اقدام کرکٹ کی بحران کے وقت متحد ہونے کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ صرف ایک میچ نہیں ہے بلکہ متاثرہ لوگوں کےساتھ کھڑا ہونے کا عزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نے ہمیشہ قوم کو متحد کیا ہے اور اس ایونٹ کے ذریعے ہمارا مقصد لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: ” پہلے اپنی قدر بناؤ”: سابق فاسٹ بولر تنویر احمد کا محمد حارث کو بابراعظم پر تنقید کا جواب
صوبائی وزیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہاں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا عکاس ہے۔ منتظمین توقع کررہے ہیں کہ لوگ اس ایونٹ میں ہاؤس فل کر دیں گے اور متاثرین کی مدد کے لیے قدم بڑھائیں گے۔