وزیراعظم شہباز شریف چین کے چھ روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ 25ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم نے لکھا کہ چین کے تاریخی دورے کے دوران وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اجلاس میں شریک ہوں گے، بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کریں گے اور صدر شی جن پنگ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور خطے کے دیگر اہم ممالک سے تعلقات کے فروغ پر بھی بات ہوگی۔
Departing on a historic visit to China! Will participate in the SCO Council of Heads of State Meeting in Tianjin and attend the 80th anniversary of the victory over Fascism in WWII in Beijing. I look forward to meeting H.E. President Xi Jinping and other world leaders to further… pic.twitter.com/lCD5ewH2pE
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 30, 2025
انہوں نے علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کو مستحکم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 30 اگست سے 4 ستمبر تک چین میں قیام کریں گے اور تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ان کی ملاقاتیں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے شیڈول ہیں جن میں پاک چین تعلقات کے کثیر الجہتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم میں فاشزم کی شکست کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔
ان کی ملاقاتیں چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے بھی طے ہیں جن میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔ وہ پاک چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاک چین اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل ہے اور اس دوران سی پیک فیز ٹو کی پیشرفت پر بھی بات ہوگی۔