جارح انداز میں کرکٹ کھیلنے والے قومی کرکٹر آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر جاری کردہ حالیہ پوسٹ میں آصف علی نے لکھا کہ آج میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ الحمدللہ، پاکستان کی جرسی پہننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور کرکٹ کے میدان میں اپنے ملک کی خدمت کرنا میرے لیے قابل فخر باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے مداحوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کوچز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ہر اونچ نیچ میں مجھے اسپورٹ کیا۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے خوشی کے لمحوں اور سخت آزمائشوں خاص طور پر ورلڈکپ کے دوران پیاری بیٹی کی وفات جیسے وقتوں میں مجھے سنبھالا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان شاء اللہ اپنا شوق جاری رکھتے ہوئے ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔
واضح رہے کہ آصف علی نے 58 ٹی ٹوئنٹی اور 21 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے تین نصف سنچریوں کی مدد سے دونوں فارمیٹس میں 959 رنز بنائے۔
وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اُس اسکواڈ کا حصہ تھے، جو بالترتیب 2021 اور 22 میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچا تھا۔
آصف علی نے 2021 میں پاکستان کے سیمی فائنل تک کے سفر میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف گروپ میچز میں پاکستان کو جیتوانے میں اہم کردارا ادا کیا تھا۔ پاکستان کے لیے انہوں اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2023 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔