پاکستانی اسکریبل پلیئرز نے کوالالمپور میں ہونے والی بیسواں ورلڈ یوتھ سکریبل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ٹائٹلز سمیت کئی اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔
سات سالہ تیمور وسیم نے انڈر آٹھ ورلڈ چیمپئن بن کر سب کو حیران کر دیا، اس کامیابی کے ساتھ پاکستان چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ تیمور وسیم، پاکستان کے نامور اسکریبل گرینڈ ماسٹر وسیم کھتری کے صاحبزادے ہیں۔
چیمپئن شپ میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ احزم صدیقی نے انڈر 16 کیٹیگری میں ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام روشن کیا، جب کہ محمد یوسف نے انڈر ٹین ایج گروپ میں سلور میڈل اور بلال آشعر نے انڈر 16 میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

چیمپئن شپ میں 20 ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب میں ورلڈ یوتھ کمیٹی کے چیئرمین طارق پرویز نے اعلان کیا کہ آئندہ سال کی چیمپئن شپ کینیا میں منعقد کی جائے گی۔
پاکستانی ٹیم کوالالمپور میں ہی قیام کرے گی جہاں وہ 5 سے 7 ستمبر تک گیٹ وے ماسٹر کپ میں بھی شرکت کرے گی۔