ابوظبی میں جاری ایونٹ کے پہلے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عظمت اللہ عمرزئی کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کے اوپننگ بلے باز صدیق اللہ عطل 73 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جب کہ عظمت اللہ عمر زئی نے 21 گیندوں پر 53 رنز کی دھواں دار باری کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں محمد نبی 33، رحمان اللہ گرباز اٹھ ، گلبدین نائب پانچ، کریم جنت دو اور ابراہیم زدران ایک رن کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان راشد خان محض تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاپ اور آیوش شکلا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ احسان خان اور عتیق اقبال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب 189 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی نوآموز ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کے مانند بکھرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹس کے نقصان پر محض 94 رنز ہی بنا سکی۔
ہانگ کانگ کے صرف دو بیٹرز بابر حیات 39 رنز اور کپتان یاسم مرتضیٰ 16 رنز بنا کر ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکے۔ باقی نو بیٹسمین دس کے ہند سے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب نے دو، دو اور عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان اور نوراحمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔