وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر روانہ ہوگئے جہاں وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی، قطری شاہی خاندان اور عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ آصف، عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم کی دوحہ میں قطری امیر سے ملاقات ہوگی جس میں اسرائیل کی جانب سے خطے کے مختلف ممالک پر حملوں اور بڑھتی ہوئی جارحیت پر بات چیت ہوگی۔ ملاقات میں خطے میں امن کے قیام کے لیے مشاورت بھی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر میں فضائی حملہ کیا تھا جس میں حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ تو محفوظ رہے، لیکن ان کے بیٹے، معاون اور دیگر پانچ افراد شہید ہوگئے تھے۔

یہ حملہ اس وقت ہوا جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز پر غور کر رہے تھے۔
اس واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے دوحہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی تھی اور پاکستان کی جانب سے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے اسرائیلی حملے کو بزدلانہ اور قطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔
پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے بھی قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔