ایشیا کپ 2025 کا تیسرا میچ آج ابوظہبی میں کھیلا گیا، جس میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
بنگلا دیش نے ہانگ کانگ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹس کے نقصان پر 143 رنز اسکور کیے۔
ہانگ کنگ کی جانب سے نزاکت خان 42 اور ذیشان علی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان یاسم مرتضیٰ 28، بابر حیات 14، اعزاز خان پانچ، انشے راتھ چاراور کنچت شاہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے، جب کہ کلہان چَلُّو چار اور احسان خان دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد، تنزیم حسن اور رشاد حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے 17 اعشیاریہ چار اوورز میں تین وکٹس کے نقصان پر ہدف حاصل کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان لیٹن داس نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا ،انہوں نے 39 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں پرویز حسین 19، تنزد حسن 14 اور توحید 35 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے عتیق اقبال نے دو اور ایوش شوکلا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : انڈیا کے ساتھ اس بار میچ چیلنجنگ ہوگا جس کے لیے تیار ہیں، ہیڈکوچ پاکستان کرکٹ ٹیم
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے یو اے ای کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ پہلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں ہانگ کانگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔